دنیا کے کئی ممالک میں اتنی سردی ، مگرمچھ بھی پانی میں منجمد ہوگئے

دلچسپ و عجیب

امریکا(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں سردی کا زور عروج پر ہے اور مختلف ممالک نے برف کی سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران مختلف ممالک میں درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے آچکا ہے اور کئی ممالک میں تو خون جمادینے والی سردی ہے۔ایسا ہی کچھ حال امریکا کا بھی ہے جہاں شدید سردی نے چشموں تک کا پانی جما دیا ہے اور اسی سردی کا نشانہ مگرمچھ بن گئے۔ نارتھ کیرولائنا کے سوامپ پارک میں انتہائی شدید موسم کے نتیجے میں وہاں چشمے برف سے جم گئے اور مگرمچھوں کو خود

بچانے کے لیے منفرد حکمت عملی اپنانا پڑی۔ جی ہاں مگرمچھوں نے خود کو زندہ رکھنے کا انتہائی انوکھا طریقہ اپنا کر سب کو دنگ کردیا۔ انہوں نے اپنی ناک برف کی سطح کے اوپر رکھی جبکہ باقی جسم پانی کے اندر رہا۔ گزشتہ ہفتے جب اس ریاست میں درجہ حرارت تیزی سے گرا تو تالاب سے بھاگنے کی بجائے ان مگرمچھوں نے فوری طور پر اپنی ناک پانی کی سطح سے باہر نکال دی تاکہ پانی منجمد ہوجانے پر بھی وہ سانس لینا جاری رکھ سکیں۔ اگرچہ مگرمچھ گرم موسم کو ترجیح دیتے ہیں مگر وہ شدید سردی میں بھی زندہ رہ سکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق یہ مگر مچھ برف سے جم جانے والے پانی میں بھی زندہ رہ سکتے ہیں، یہ اپنے جسم پانی میں ڈبو دیتے ہیں مگر ناک پانی کی سطح سے باہر رکھتے ہیں تاکہ برف جمنے پر بھی وہ سانس لے سکیں۔ اسی طرح درجہ حرارت گرنے پر ان کا جسمانی میٹابولزم سست ہوجاتا ہے جس سے جسمانی توانائی بچانے میں مدد ملتی ہے۔ گرم مقامات پر تو مگرمچھوں کو اس تیکنیک کا استعمال نہیں کرنا پڑتا مگر نارتھ کیرولائنا کے سوامپ پارک میں اب یہ سالانہ روایت بن چکا ہے، گزشتہ سال بھی ایسی ویڈیوز کافی وائرل ہوئی تھیں۔

اس وقت زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

اس وقت زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

اوپر