جان ابراہم کی مکیش امبانی کی بیٹی کی شادی میں ناچنے والے فنکاروں پر تنقید

شوبز

ممبئی(آئی این پی) بالی ووڈ کے ایکشن ہیرو جان ابراہم نے مکیش امبانی کی بیٹی کی شادی میں ناچنے والے فنکاروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ شادیوں میں پیسوں کی خاطر ناچ نہیں سکتا کیوں کہ یہ اپنا وقار کھودینے کے مترادف ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق جان ابراہم نے کھرب پتی صنعت کار مکیش امبانی کی بیٹی کی شادی میں ناچنے والے فنکاروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں ان اداکاروں میں سے نہیں ہوں جو پیسوں کی خاطر دوسروں کی شادیوں میں ناچنا شروع ہوجاتے ہیں ۔جان نے کہا کہ ایک فنکار کی حیثیت سے

آپ کویہاں اپنی مہارت دکھانا ہوتی ہے لیکن آخر آپ کتنی دولت کمانا چاہتے ہیں؟ زیادہ معاوضے والے فنکاروں کی بلند ترین فہرست میں شامل ہونا کیوں ضروری ہے؟ ان شائقین کا کیا ہوگا جنہیں آپ بے کار شے دکھا کر لوٹ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ دیگر اداکار بھی پیسوں کی لت اور کیفیت سے باہر نکلنے کی کوشش کریں۔ واضح رہے کہ بھارت کے امیر ترین تاجر مکیش امبانی کی بیٹی ایشا امبانی کی شادی کی تقریب میں بالی ووڈ کی بڑی شخصیات نے خطیر معاوضہ لے کر نہ صرف شرکت کی بلکہ رقص بھی کیا تھا۔

اس وقت زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

اوپر